واشنگٹن،15جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی کے مضافات میں ری پپبلیکن پارٹی کے قانون سازوں پر بیس بال کی پریکٹس کے دوران فائرنگ کرنے والے شخص کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔زخمی ہونے والے پانچ افراد میں سے ایک ہاؤس آف رپریزینٹیٹو کے سینئر رہنما سٹیو سکلیز، جو کہ شدید زخمی ہوئے ہیں، اور پولیس کے دو اہلکار بھی شامل تھے۔حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ جمیز ٹی ہوجکنس امریکی ریاست الینوائے کا رہائشی تھا جسے پولیس نے ایک مقابلے میں ہلاک کر دیا۔صدر ٹرمپ نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ وحشیانہ حملہ تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم سب کے آپس میں اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن ایسے وقتوں میں یہ ضروری ہے کہ وہ تمام لوگ جو ہمارے ملک کے دارالحکومت میں کام کرتے ہیں، وہ یہاں اس لیے ہیں کیونکہ وہ اس ملک سے محبت کرتے ہیں۔
واقعے کے بعد صدر ٹرمپ نے واشنگٹن کے ہسپتال جہاں سٹیو سکلیز زیر علاج ہیں، ان کی عیادت کی اور ان کو محب وطن اور باہمت قرار دیا۔حملہ آور کے بارے میں اس کی بیوی کی دی ہوئی معلومات سے علم ہوا ہے کہ 66جمیز ٹی ہوجکنس دو ماہ قبل ریاست ورجینیا آیا تھا۔ اس کے فیس بک پر دی گئی معلومات کے مطابق وہ ری پبلیکن پارٹی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مخالف تھا اور گذشتہ سال ہونے والی صدارتی مہم کے دوران ڈیموکریٹک امیدوار برنی سینڈرز کا حامی تھا۔الیگزانڈریا علاقے کے پولیس کے سربراہ مائیکل براؤن کے مطابق حملہ ہونے کے تین منٹ کے اندر پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے جہاں انھوں نے جیمز ہوجکنس سے مقابلہ کیا۔امریکی ایوان کے سپیکر پال ریان نے ایوان میں کہا کہ ہم سب متحد ہیں اور ہم میں سے کسی پر بھی حملہ، ہم سب پر حملہ ہے۔